
سیالکوٹ۔16اپریل (اے پی پی )وفاقی وزیر دفاع ،پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وطن عزیز کی کل آبادی کا 60فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، اتنی بڑی تعداد میں نوجوان شاید دنیا کے کسی اورملک میں ہوں ،اگر آج ہم نے نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کیلئے ان پر سرمایہ کاری نہ کی تو یہ قیمتی اثاثہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا باعث بننے کی بجائے تباہی کا سبب بن جائے گا ،یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی نگاہ کا مرکز یوتھ ہے ، نوجوانوں کے کردار اور شخصیت کواعلیٰ اور ارفع اقدار کے زیور سے آراستہ کرنے کی والدین اوراساتذہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے یونیورسٹی آف گجرات سب کیمپس سیالکوٹ کے طلباءو طالبات میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔