
اسلام آباد ۔ 14 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے سرکاری املاک کے زیادہ سے زیادہ مناسب استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر استعمال شدہ زمین پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت استعمال کی جائے گی۔ وہ بدھ کو یہاں سرکاری املاک کے متبادل استعمال پر ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت رہے تھے۔ وفاقی وزیر کو مختلف املاک اور ان کے متبادل استعمال اور حیثیت پر آگاہ کیا گیا۔ ورکنگ گروپ نے بڑے شہروں میں مختلف سرکاری املاک کی نشاندہی کی۔ وفاقی وزیر کو سرکاری املاک کے سروے اور مختلف پائلٹ منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے سرکاری املاک کے زیادہ سے زیادہ مناسب استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ غیر استعمال شدہ زمین پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت استعمال کی جائے گی اور یہ بھی ہدایت کی کہ صوبوں کو غیر آباد شدہ سرکاری زمینوں کی موجودہ اور مستقبل کیلئے استعمال کا پلان دیا جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں موجود تمام ریسٹ ہاﺅسز کے مفت استعمال کو ختم کر دیا جائے گا اور ان کو مناسب کمرشل بنیادوں پر استعمال کیلئے زیر غور لایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن عام آدمی کو سستی رہائش گاہ فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سرکاری زمینوں کو زیادہ سے زیادہ بہتر طریقہ سے استعمال کیا جائے تو ملک میں رہائش کے مسائل حل ہوں گے اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری ہاﺅسنگ اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔