اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے بیج تیار کرنے والی پرائیویٹ کمپنیوں کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ جمعرات کو ہونے والی ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق زرعی شعبے میں گرین ایگریکلچر ریفارمز متعارف کرانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ کسانوں کو معیاری تصدیق شدہ بیج فراہم کئے جائیں تاکہ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے ، اس مقصد کے لئے نیشنل ریگولیٹری اتھارٹی اور پنجاب ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ فیلڈ انسپکٹرز کے ذریعے بیج کی کوالٹی کو ریگولیٹ کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ 95 فیصد کسان چھوٹے کاشتکار ہیں اور حکومت ان کے مسائل کے حل کے لئے مکمل سنجیدگی سے کام کر رہی ہے،
اس سلسلے میں غیر معیاری بیج بنانے والی کمپنیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ان کی شکایات سننے و حل کرنے کے لئے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی ترقی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے۔