وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سے فریزلینڈکمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ کی سربراہ سائرہ افتخار کی قیادت میں وفد کی ملاقات، زراعت کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال

163

اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے فریزلینڈکمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ کی سربراہ سائرہ افتخار کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔

بدھ کو ہونے والی ‎ملاقات میں فریزلینڈکمپینا اینگرو کی زراعت کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان منصوبوں کا مقصد دودھ کی پیداوار میں اضافہ، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور کسانوں کی تربیت کے ذریعے ان کی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔ ‎وفد نے پائلٹ منصوبے "اسلام آباد سیف ملک سٹی” پر ایک تعارفی بریفنگ پیش کی، جس کا مقصد دودھ میں ملاوٹ کے مسئلے کو حل کرنا، دودھ کے معیار کو بہتر بنانا اور عوامی صحت کے نتائج کو بہتر کرناہے۔

وفاقی ‎وزیر رانا تنویر حسین نے پاکستان میں ڈیری سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بچوں کے فارمولہ دودھ اور پاؤڈر دودھ کی مقامی پیداوار بڑھانے کے مواقع پر بھی زور دیا تاکہ درآمدات پر انحصار کم کر کےمعیشت میں خود کفالت حاصل کی جا سکے۔ ‎فریزلینڈکمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ، جو کہ عالمی شہرت یافتہ فریزلینڈکمپینا کوآپریٹو کا حصہ ہے، نے 2016 سے اب تک پاکستان میں ڈالرز میں سرمایہ کاری کی۔

وفد نے سندھ کے شہر سکھر میں بڑے پیمانے پر ڈیری فارم سمیت اپنی سرگرمیوں اور پاکستان کے ڈیری شعبے کی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی طریقوں کے اطلاق کی یقین دہانی کرائی۔ ‎وفاقی وزیر نے ملک کی ڈیری صنعت کو مضبوط کرنے کے لیے اقدامات کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی اور تمام شراکت داروں کے لیے مساوی فوائد کو یقینی بنانے پر زور دیا۔