اسلام آباد ۔ 28 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے سوات میں جدید سائنسی لیبارٹری قائم کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ پی سی ایس آئی آر کے سائنسدانوں نے ملک کے خام مال کو سائنسی بنیادوں پر تحقیق کرکے قیمتی بنادیا ہے جس سے مختلف کارخانے اپنی مصنوعات برآمد کرکے ملک کے لئے زرمبادلہ کمارہے ہیں اور ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔وہ جمعہ کو منسٹری آ ف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ذیلی ادارہ پی سی ایس آئی آر کے زیر اہتمام معاشی ترقی میں پی سی ایس آئی آر کے کردار اور اس کے اثرات پر منعقدہ ایک ایک روزہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سائنسی لیبارٹری کے قیام سے یہاں کی معدنیات، جڑی بوٹیوں، زراعت اور ماربل وغیرہ کو سائنسی بنیادوں پر بروئے کار لایا جائے گا اور ملک کی برآمدات میں اضافہ سے کثیر زرمبادلہ بڑھانے میں مدد گار ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اس لیبارٹری سے یہاں کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع ملیں گے۔