اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق رانا تنویر حسین نے قومی زرعی تحقیقاتی مرکز (این اے آر سی )کی جانب سے بہترین کارکردگی دکھانے پر ادارہ اور محنتی ملازمین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ منگل کو وفاقی وزیر راناتنویرحسین نے قومی زرعی تحقیقاتی مرکز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزارت میں بہترین کارکردگی کے حامل ملازمین کی حوصلہ افزائی اور انعام و اکرام کی اہمیت پر زور دیا۔
تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے وزارت کے ملازمین کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ عزم کو خراج تحسین پیش کیا اور اس موقع کو وزارت کی تاریخ میں فوقیت کے کلچر کے فروغ کے حوالے سے سنگ میل قرار دیا۔یہ تقریب اپنی نوعیت کی پہلی تقریب تھی جس میں ان ملازمین کی خدمات کا اعتراف کیا گیا جنہوں نے وزارت کے اہداف کے حصول میں نمایاں کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیر راناتنویرحسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کارکردگی کو تسلیم کرنا نہ صرف انفرادی کامیابیوں کا اعتراف ہے بلکہ یہ تمام ملازمین میں صحت مند مسابقت اور پیشہ ورانہ لگن کے فروغ کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارت میں میرٹ پر مبنی ماحول کو برقرار رکھا جائے گا جہاں پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے اس اقدام کو دیگر ملازمین کے لیے تحریک کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکمت عملی وزارت کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے اور ایک ایسا پیشہ ورانہ ماحول تشکیل دینے میں مدد دے گی جہاں بہترین کارکردگی کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔وزارت کے زرعی شعبے کو مضبوط بنانے کے حوالے سے وفاقی وزیر نے مختلف کلیدی اقدامات پر روشنی ڈالی جن کا مقصد پیداوار میں اضافہ اور خوراک کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے گندم کی پیداوار میں ہونے والی پیش رفت، جدید بیجوں اور زرعی مشینری کے تعارف، کسانوں کے لیے سبسڈی اور ڈیجیٹل زرعی رہنمائی پروگرام کا خصوصی تذکرہ کیا۔ مزید برآں وفاقی وزیر نے بتایا کہ ایک ہزار زرعی گریجویٹس کے لیے صلاحیت سازی کا پروگرام وزارت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ زرعی خود کفالت کے لیے جدید مہارتوں اور علم سے لیس افرادی قوت تیار کی جائے۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر زور دیا کہ پائیدار زرعی ترقی کے لیے جدت، تحقیق اور عوامی و نجی شراکت داری ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارت پیداواریت کو بڑھانے اور خوراک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے جدید طریقوں کو اپنانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر راناتنویرحسین نے اعزاز یافتہ ملازمین کو مبارکباد پیش کی اور تمام عملے پر زور دیا کہ وہ اسی لگن اور محنت کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سرانجام دیتے رہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان نمایاں ملازمین کی پذیرائی دوسروں کے لیے ایک مثال ثابت ہوگی اور انہیں بھی اعلیٰ کارکردگی کے حصول کی ترغیب دے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597139