29.2 C
Islamabad
بدھ, مارچ 26, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا چینی کی قیمتوں سے متعلق دعووں...

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا چینی کی قیمتوں سے متعلق دعووں کو مسترد کردیا

- Advertisement -

اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چینی کی قیمتوں سے متعلق دعوؤں کا جائزہ لیا گیا اور ملک بھر میں طے شدہ نرخوں کے نفاذ کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، سیکرٹری صنعت اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ تمام چاروں صوبوں کے نمائندے زوم کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے اور چینی کی ایکس مل اور ریٹیل قیمتوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران، رانا تنویر حسین نے چینی کی قیمتوں میں تضاد کے دعووں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن پہلے ہی چینی کی تھوک قیمت 159 روپے فی کلو مقرر کرنے پر متفق ہو چکی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ تمام صوبے اس معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ غیر ضروری قیمتوں میں اتار چڑھاؤ روکا جا سکے۔پنجاب کے نمائندوں نے تصدیق کی کہ چینی کی تھوک قیمت 159 روپے فی کلو اور ریٹیل قیمت اوسطاً 164 روپے فی کلو ہے۔ انہوں نے صوبے بھر کے اضلاع کے تفصیلی ڈیٹا کے ساتھ اپنی رپورٹ پیش کی، جو کموڈٹی پرائس مینجمنٹ سسٹم سے حاصل کی گئی تھی۔ سندھ کے نمائندوں نے رپورٹ دی کہ صوبے میں چینی کی ریٹیل قیمت 168 روپے فی کلو ہے، جو کہ سندھ بیورو آف پرائسز کے اعداد و شمار کے مطابق ہے۔

- Advertisement -

خیبر پختونخوا کے سیکرٹری خوراک نے بتایا کہ صوبے میں ایکس مل چینی کی قیمت 164 روپے فی کلو ہے، جس پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے ہدایت دی کہ خیبر پختونخوا حکام کو پی ایس ایم اے کے طے شدہ نرخ 159 روپے فی کلو کا نفاذ یقینی بنانا ہوگا۔ بلوچستان کے نمائندوں نے چینی کی قیمتوں میں کمی کے رجحان کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں چینی کی موجودہ قیمت 168 روپے فی کلو ہے۔

وزیر رانا تنویر حسین نے واضح طور پر کہا کہ چینی کی قیمتوں میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی کہ چینی کی تھوک قیمت 159 روپے فی کلو اور ریٹیل قیمت 164 روپے فی کلو کا سختی سے نفاذ کیا جائے، اور روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی نگرانی کرتے ہوئے کسی بھی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کی جائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان عوامی فلاح و بہبود کے لیے انتہائی فکر مند ہے۔ وزیر نے اعادہ کیا کہ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق قیمتوں کے استحکام اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور صارفین کے حقوق کے تحفظ اور مارکیٹ میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو روکنے کے لیے صوبائی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576221

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں