اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن اور صوبائی انتظامیہ چینی کی دستیابی یقینی بنائیں ،رمضان سے تین دن قبل چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے، جو 27 رمضان تک جاری رہیں گے۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ رمضان میں چینی 130 روپے فی کلو دستیاب ہوگی۔
وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ہر ضلع میں چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے، عوام کو چینی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے میونسپل سطح پر اسٹالز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ایک شناختی کارڈ پر 5 کلوگرام چینی کی خریداری کی اجازت ہوگی، چینی ایک اور دو کلو پیکنگ میں دستیاب ہوگی، چینی کے سٹالز کی نگرانی وفاقی وزراء اور چیف سیکرٹریز کریں گے ۔
وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن اور صوبائی انتظامیہ چینی کی دستیابی یقینی بنائیں،رمضان سے تین دن قبل چینی کے اسٹالز لگائے جائیں گے جو 27 رمضان تک جاری رہیں گے۔ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندے، صوبائی سیکرٹریز اور کین کمشنرز اجلاس میں شریک ہوئے۔