وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت کپاس کی پیداوار میں اضافے کیلئے قائم کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس

135

اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لیے قائم کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ یہ کمیٹی وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تشکیل دی گئی تھی۔

منگل کو ہونے والے اجلاس میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے فوڈ سیکورٹی کے چیئرمین وفاقی سیکرٹری وسیم اجمل چوہدری اور تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لیے فوری اقدامات پر غور کرنا تھاتاکہ ملک میں کپاس کی پیداوار میں اضافے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی جا سکے ۔ پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی (پی سی سی سی) کے چیئرمین ڈاکٹر ظفر نے اجلاس کو کپاس کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں شریک ماہرین نے کئی اہم مسائل پر روشنی ڈالی جن میں غیر معیاری بیج، مناسب زوننگ کا فقدان، جی ایم او بیجوں پر تحقیق کی کمی، غیر مساوی ٹیکس پالیسیاں، کپاس کی غیر دستاویزی پیداوار اور آگاہی مہم کی ضرورت شامل ہیں۔ اجلاس میں ایسی فصلوں کی حوصلہ افزائی پر بھی زور دیا گیا جو کپاس کی جلد بوائی میں مدد دے سکتی ہیں ۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے تمام شرکا کا قیمتی آراء اور تجاویز فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان کی سفارشات حتمی رپورٹ میں شامل کی جائیں گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کمیٹی کا بنیادی مقصد کپاس کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کے لیے حکمت عملیوں پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ وفاقی سیکرٹری وسیم اجمل چوہدری نے اس موقع پر یقین دلایا کہ وزارت قومی خوراک و تحقیق اجلاس میں اٹھائے گئے تمام خدشات اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور پاکستان کے کپاس کے شعبے کو بحال کرنے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے گی۔