اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت نیشنل سیڈ ڈویلپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (این ایس ڈی آر اے) کے بورڈ آف گورنرز کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق ملک بھر میں معیاری بیجوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کا اعادہ کیا گیا۔
اجلاس میں بیجوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ تصدیق شدہ بیجوں کی دستیابی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت زرعی شعبے میں معیارات کے سخت نفاذ کے لیے پرعزم ہے۔
اجلاس میں بیج کمپنیوں کے تھرڈ پارٹی آڈٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس کی روشنی میں این ایس ڈی آر اے اور وفاقی بیج سرٹیفکیشن ادارے نے اپنی سفارشات پیش کیں۔این ایس ڈی آر اے کے نمائندوں نے وفاقی وزیر کو تھرڈ پارٹی آڈٹ کے مطابق اپنے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔اجلاس میں ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے معیارات پر پورا نہ اترنے والی 392 بیج کمپنیوں کو فوری طور پر بند کرنے کا اعلان کیا گیا۔
بورڈ کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر وزیراعظم کی ہدایات پر سخت فیصلوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ملک میں اعلیٰ معیار کے بیجوں کی پیداوار کو یقینی بنایا جا سکے۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے بیج کمپنیوں کے لیے ریگولیٹری اتھارٹی کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت قومی غذائی تحفظ، زرعی شعبے کی بہتری اور قومی غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ مشکل فیصلے ہی زراعت کے شعبے میں بہتری اور کسانوں کی خوشحالی کی ضمانت ہیں اور حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576791