اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار، رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سال2024/2025 کی گنے کی فصل کے تخمینے اور ملک میں چینی کی پیداوار و ضروریات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں چینی کی پیداوار اور اس کی قیمتوں کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیا بھی لیا گیا ۔
اجلاس میں چینی کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے اور عوام کو سستے داموں چینی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ وفاقی وزیر نے تمام صوبوں کو ہدایت کی کہ وہ چینی کی قیمتوں کی سخت نگرانی کریں اور کسی بھی قسم کی مصنوعی قلت کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ حکومت چینی کی قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزارت صنعت و پیداوار صوبوں کے ساتھ مل کر چینی کی فراہمی کی صورتحال کو بہتر بنانے اور قیمتوں میں استحکام کے لیے مستقل نگرانی کرے گی تاکہ عوام کو چینی کی قلت یا مہنگائی کا سامنا نہ ہو۔