اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ خان سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے، تجارتی تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رانا ثناءاللہ نے اس موقع پر پاکستان کی برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے، سکیورٹی تعاون بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کے لئے مشترکہ اقدامات پر گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ انسداد دہشت گردی میں معلومات کے تبادلے اور عملی تعاون کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
اس موقع پر ثقافتی تبادلوں اور عوامی روابط کے فروغ سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید قریب لایا جا سکے۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ حکومتِ پاکستان برطانیہ کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لئے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574726