لاہور۔3مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے عوامی اموریونٹ رانا مبشر اقبال سے فیروزپور روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن لاہور کے وفد نے شیخ شہباز اسلم کی قیادت میں ملاقات کی،ملاقات میں ملکی صنعت کو درپیش مسائل، اقتصادی ترقی، پالیسی فریم ورک، تجارت، برآمدات، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر اور سی پیک منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے وفاقی وزیر کو موجودہ صنعتی پالیسیوں اور ضوابط پر بریفنگ دی اور زور دیا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے مواقع کو وسعت دی جائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کاروباری ماحول کو سازگار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے تحت "ون ونڈو” سہولت متعارف کرائی جا رہی ہے، جس سے سرمایہ کاروں کو تمام ضروری اجازت نامے، رجسٹریشن اور دیگر سہولیات ایک ہی جگہ میسر آئیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے معاشی اصلاحات کے ثمرات سامنے آ رہے ہیں، آئی ایم ایف بورڈ 9 مئی کو پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر قرض کی منظوری دے گا، جو ملکی معیشت کو استحکام دے گا۔وفاقی وزیر نے وزیراعظم یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو کاروبار کے آغاز کے لیے آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ ملکی معیشت میں فعال کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ صنعتی شعبے کی بحالی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، جس میں پاک فوج کا تعاون قابل تحسین ہے۔رانا مبشر اقبال نے صنعتکاروں کو ہدایت کی کہ مالی سال 2024-25 کے بجٹ میں اعلان کردہ کم از کم ماہانہ اجرت 37,000 روپے مزدوروں کو باقاعدگی سے ادا کی جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592013