اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز رانا مبشر اقبال نے جمعرات کو پاکستان کے یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آج جب ہم اپنے پیارے وطن کی 78ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور ہم اپنے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایک آزاد، خود مختار اور باوقار پاکستان کے تصور کے تحت آزادی کیلئے جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی نہ صرف ہمارے شاندار ماضی کی یاد دہانی ہے بلکہ اپنے اتحاد کو مضبوط کرنے، انصاف کے لیے اپنے عزم کی تجدید اور اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خود کو وقف کرنے کی دعوت بھی ہے۔
ایمان اور عزم کے ساتھ ہم اپنے خوابوں کے پاکستان کو مضبوط، پرامن اور خوشحال بنا سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے معرکہ حق (بنیان المرصوص) کی شاندار فتح کے حوالہ سے پاک فوج، قومی قیادت اور پاکستان کے ر عوام کی غیر متزلزل لگن اور اجتماعی کوششوں کی تعریف کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت نے ہماری خودمختاری کی حفاظت کی ہے جب کہ ہماری سیاسی قیادت کے وژن نے قوم کو آگے بڑھایا ہے۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ ہمارے عوام کا اتحاد، لچک اور عزم ہماری ترقی کا محرک ہے۔اپنے پیغام کے اختتام پر رانا مبشر اقبال نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات اور ملک سے محبت پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قوم کے ترقی اور پیشرفت کے سفر کا ایک لازمی حصہ ہیں۔