اسلام آباد (اے پی پی ) وفاقی وزیر برائے ہاﺅسنگ اور ورکس میاں ریا ض حسین پیرزادہ نے پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی فاونڈیشن (پی ایچ اے ایف) کی طرف سے اپنے ارکان اور الاٹیز کو سہولت فراہم کرنے کے لیے شروع کیے گئے ڈیجیٹل اقدامات کے ایک جامع پیکیج کا باضابطہ افتتاح کردیا ۔وزارت ہاﺅسنگ کے ترجمان کے مطابق اس موقع پر سیکرٹری ہاﺅسنگ اور ورکس ڈاکٹر شہزاد خان بنگش، پی ایچ اے ایف کے افسران اور نیشنل پولیس فاﺅنڈیشن کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
پی ایچ اے ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہد حسین نے شرکاء کو نئے اقدامات پر بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ کس طرح فنڈ کی منتقلی اور ریکارڈز کو ڈیجیٹل بنانے سے ایک مضبوط ڈیٹا بیس تیار ہو گا جو تیز تر اور بہتر فیصلہ سازی میں مدد فراہم کرے گا۔اس اقدام کی اہم خصوصیات میں پی ایچ اے ایف ڈیجیٹل پورٹل اور پی ایچ اے ایف مینٹیننس سروسز پورٹل کا آغاز شامل ہے، جو پی ایچ اے ایف کے الاٹیز کو خصوصاً اوورسیز پاکستانیوں اور مستقبل کے ہاﺅسنگ منصوبوں میں سرمایہ کاروں کے لیے آ سان رسائی، شفافیت اور سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔یہ خدمات فاﺅنڈیشن کے عزم "رہائشیوں کو با اختیار بنانا اور طریقہ کار کو سادہ بنانا” کی عکاسی کرتی ہیں۔
ان کا مقصد یہ ہے کہ الاٹیز پی ایچ اے ایف کے ساتھ اپنے جائیداد سے متعلق امور کو دنیا کے کسی بھی کونے میں بیٹھ کر آسانی سے رسائی اور انتظام کر سکیں۔ترجمان نے بتایاکہ پی ایچ اے ایف ڈیجیٹل پورٹل کی اہم خصوصیات میں جائیداد کی تفصیلات، ادائیگی کے شیڈولز، تاریخ، اور الاٹمنٹ کی حیثیت تک حقیقی معلومات اور ان تک رسائی۔ قسطوں کی ادائیگی اور واجبات کے لیے آن لائن ادائیگی کی سہولت، اور اسکے ساتھ پورٹل کے ذریعے پروجیکٹ کی خبریں اور اپ ڈیٹس براہ راست فراہم کی جائیں گی۔
ممبرشپ خدمات اور آئندہ منصوبوں پر خصوصی انفارمیشن ، واجب الادا ادائیگیوں اور سرکاری اعلانات کے بارے میں خودکار الرٹس شامل ہیںجبکہ پی ایچ اے ایف مینٹیننس سروسز پورٹل کی اہم خصوصیات میںیوٹیلیٹیز اور مینٹیننس چارجز کی آن لائن بل ادائیگیاں،جائیداد کی حیثیت کی ٹریکنگ، تمام ضروری سروس اور مینٹیننس اپ ڈیٹس کے لیے حقیقی اطلاعات شامل ہیں۔اس کے علاوہ، پی ایچ اے ایف کی نئی ویب سائٹ کا آغاز کیا گیا ہے جو اب ایک مرکزی معلوماتی سنٹر کے طور پر کام کرے گا جس سے صارفین کے لیے رسائی اور شفافیت کو مزید بڑھایا جائے گا۔
وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ "یہ روایتی نظاموں سے جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی جانب منتقلی نہ صرف مقامی اور اوورسیز شہریوں کو سہولت فراہم کرے گی بلکہ درست ڈیٹا فراہم کر کے غلط فہمیوں کو بھی دور کرے گی۔”انہوں نے مزید کہا کہ ہاﺅسنگ کے تمام محکموں کو میرٹ پر مبنی نظام اپنانا چاہیے جو ڈیجیٹل سسٹم سے چل رہا ہو، کیونکہ ایسے اقدامات اب عوامی خدمت کی کارکردگی اور ادارہ جاتی سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599750