اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں جاری سیلابی صورتحال کی روشنی میں ٹرینوں اور ٹریکس کی24گھنٹے نگرانی کی جائے اور مسافروں کی سہولیات کو مقدم رکھا جائے۔
ہفتہ کو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے پاکستان ریلوے کی آپریشنل کارکردگی اور حفاظتی پروٹوکولزکا جائزہ لیا۔ ریلوے حکام نے وفاقی وزیر کو ریلوے کے انفراسٹرکچر پر سیلاب کے اثرات اور بلاتعطل خدمات کو یقینی بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
محمد حنیف عباسی نے حادثات کی روک تھام کے لیے فعال اقدامات پر زور دیا اور ٹرینوں کی وقت کی پابندی اور صفائی کی سخت نگرانی پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ریلوے سٹیشنز بشمول ویٹنگ ایریاز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اہم عوامی خدمت کے تحت یقینی بنایا جائے۔