حیدر آباد ۔ 27 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آج پاکستان بدل رہا ہے لیکن سندھ کے عوام کی زندگی نہیں بدلی، پرویز مشرف کی آمریت اور زرداریوں کی حکمرانی نے سندھ کو کھنڈر بنا دیا ہے، اب ببر شیر میدان میں نکل آیا ہے، ہم نے سندھ میں دستک دے دی ہے۔ یہ دستک عوام کے دلوں تک جائے گی، سندھ کو متبادل قیادت دیں گے، 2018ءکے عام انتخابات کے بعد سندھ میں حکومت بنائیں گے۔ کمیشن اور کرپشن کی باتیں کرنے والے صبح اٹھ کر آئینے میں اپنا چہرہ دیکھیں۔ یہ باتیں ان کے منہ سے زیب نہیں دیتیں۔ پاکستان زندہ باد کی بات کرنے والے سر آنکھوں پر اور خلاف بات کرنے والوں کو مسترد کریں گے۔ پیر کو ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں کارکنوں نے کنونشن میں شرکت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اقتدار سنبھالا تو ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا، عوام ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کے نرغے میں تھے، خزانہ خالی تھا، ریلوے سمیت سرکاری ادارے تباہ حال تھے، وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کو بدلنے کا وعدہ کیا تھا، آج ملک کا بدلا ہوا نقشہ سب کے سامنے ہے۔ دہشت گرد بھاگ رہے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کے پیچھے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=48051