اسلام آباد ۔ 6 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان سپریم کورٹ کی آبزرویشنز کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، وہ بدنیت شخص ہیں، نامراد رہیں گے، پانامہ کا ڈرامہ پی ٹی آئی کی سیاست کو لے ڈوبے گا۔ منگل کو عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کالی عینک لگا کر میڈیا پر بونگیاں مارتے ہیں، عمران کی پریس ٹاک بے تکی اور شرمناک جھوٹ کا پلندہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سپریم کورٹ کے نام پر عدالتی آبزرویشنز کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، عدالتی آبزرویشنز کو مسخ کرکے پیش کرنے پر عدالت عظمیٰ کو عمران خان کی جواب طلبی کرنی چاہئے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان اینڈ کمپنی قوم کو گمراہ نہیں کر سکتی، دوسروں پر انگلیاں اٹھانے والا خود ہر طرح کے اخلاقی جرائم میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بدنیت شخص ہیں، نامراد رہیں گے، پانامہ کا ڈرامہ پی ٹی آئی کی سیاست کو لے ڈوبے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=32377