وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو

164

اسلام آباد ۔ 5 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ احتساب کے موجودہ قوانین پر نظرثانی کی ضرورت ہے اور امید ہے کہ سیاسی جماعتیں اس معاملہ پر پارلیمنٹ ہاﺅس میں اتفاق رائے پیدا کر لیں گی۔ ایک نجی نیوز چینل کو اپنے انٹرویو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ احتساب کا قانون جب تشکیل دیا گیا تو اس وقت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اس پر اعتراضات کئے تھے حتیٰ کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی اس سے اتفاق نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز کا معاملہ سامنے آنے کے بعد اب امید ہے کہ سیاسی جماعتیں نئے قانون پر تیار ہو جائیں گی، جس سے نیب کا ادارہ مزید فعال اور موثر بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2008ءتا 2013ءکے دوران پیپلز پارٹی کے دور میں اس قانون پر نظرثانی کی کوشش کی گئی تھی لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت کچھ وقت ہی احتساب کی حامی رہی۔ مریم نواز کی جانب سے ریاستی امور چلانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سعد رفیق نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں ہے اور تمام وزراءاپنے عہدے اور سنیارٹی کے لحاظ سے کام کر رہے ہیں۔