
ہری پور ۔ 06 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہمارے خلاف جھوٹ اور بہتان کی انتہا کردی گئی، پہلے دن سے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی گئی، دھرنا ون، دھرنا ٹو، کفن بردار ڈنڈار بردار لائے گئے ، دنیا کو غلط پیغام گیا کہ چند ہزار لوگ درالحکومت کو مفلوج کردیتے ہیں، مصنوعی طریقے سے ہمیں نکالنے کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کریں گے ، عوام کا فیصلہ ہمارے حق میں ہے ، عوام نواز شریف کو ووٹ دیتے ہیں یہ نہیں ہوسکتا کہ عوام ہمیں ووٹ دیں اور فیصلہ کوئی اورکرے، مسلم لیگ(ن) کے کارکن جاگتے رہیں، کسی سازش کی اجازت نہیں دیں گے، ہم سے حساب مانگنے والے نے اپنا حساب کبھی نہیں دیا۔ پیرکو یہاں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عظیم الشان ورکرز کنونشن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، مسلم لیگ(ن) کا مقدمہ لے کر آج میں آپ کے پاس آیا ہوں، یہ مقدمہ پیش کرنے کےلئے ضرورت اس لئے پیش آئی کہ ہمارے خلاف جھوٹ اور بہتان کی انتہا کردی گئی ہے ، ہم چاہتے تھے کہ وقت آنے پر تعمیروترقی کے کام مکمل کرنے کے بعد عوامی رابطہ مہم شروع کرتے لیکن ہم وقت سے پہلے قوم کی اورآپ کی عدالت میں مقدمہ لے کر آئے ہیں کیونکہ ہم نے محسوس کیا کہ الزامات ، گالیاں ، جھوٹ بہتان، کردار کشی، کتنی دیرسنیں گے بعض سیاسی اداکاروں نے اس ملک کو جھوٹ بولنے کا ٹھیکہ لے لیا ہے، جھوٹ سے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، 2013ءمیں نواز شریف کی جماعت کو قوم کی خدمت کا موقع ملا تو ملک کا کیا حال تھا، دہشت گردی کی آگ نے ملک کو لپیٹ میں لے رکھا تھا۔