وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس، ایم ایل ٹو سیکشن پر موہنجوداڑو ایکسپریس ٹرین سمیت دیگر ٹرینوں کی بحالی پر ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت

209

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ایم ایل ٹو سیکشن پر موہنجوداڑو ایکسپریس ٹرین سمیت دیگر ٹرینوں کی بحالی پر ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ خسارے میں چلنے والی ٹرینیں بند کرنا مسئلے کا حل نہیں بلکہ ٹرینوں کی مانیٹرنگ بہتر انداز میں کر کے منافع بخش بنایا جائے، ای آر پی کے استعمال سے کام میں جدت، شفافیت اور براہ راست مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی۔

ریلوے ہسپتالوں میں پرائیویٹ ڈاکٹرز کی پریکٹس کے لیے پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے ڈرائی پورٹس کی آمدن بڑھانے کے لئے فوری پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے۔ ریلوے کی رہائشی کالونیوں میں بجلی کے میٹر لگانے کا ہدف جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے اکائونٹس ڈیپارٹمنٹ میں جونیئر آڈیٹرز کی بھرتی میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔