اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان دوسروں کو تو بڑی شرم دلاتے ہیں، ان کی اپنی شرم گم ہو گئی ہے، عائشہ گلالئی نے جو الزامات لگائے وہ معمولی نہیں، عمران خان کو اصولی طور پر پارٹی کی صدارت سے مستعفی ہو کر خود کو تحقیقات کیلئے پیش کرنا چاہئے، وہ اپنے اندر موجود لڑکپن اور لڑکے کو اس عمر میں ختم کر دیں، مسلم لیگ (ن) نے عائشہ گلالئی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت نہیں دی، امیر مقام کے فون کا افسانہ بنایا گیا، فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ ہمیں انصاف کیلئے غیر جانبدار پلیٹ فارم مہیا کیا جائے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے قائد نواز شریف کی قیادت میں اپنا سفر جاری رکھے گی، نواز شریف فارغ نہیں بیٹھیں گے اور میدان سیاست میں پہلے سے بڑا کردار ادا کریں گے، یہ تکلیف اور کرب جو ملا ہے اس سے کامیابی کی نئی کرنیں طلوع ہوں گی۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ جو ہو رہا ہے اس پر خوشی نہیں لیکن یہ مکافات عمل ہے، جو دوسروں کی پگڑیاں اچھالتا ہے، اس پر اللہ کا نظام ضرور حرکت میں آتا ہے۔ عمران خان نے جو نفرت کے بیج اور فصل بوئی ہے یہ اس کا شاخسانہ ہے۔ عمران خان پر وہ الزامات لگے ہیں جو پاکستان کی کسی پارٹی کے سربراہ پر نہیں لگے۔