اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی سے ازبکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ریلوے نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کا حوالہ دیا کہ وہ ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے درمیان ٹرانز ٹ افغان ریلوے کے منصوبے پر عملی جامہ پہنانے کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں۔
وزارت ریلوے سے جاری بیان کے مطابق دونوں فریقین نے مزار شریف، کابل، جلال آباد، طورخم اور پشاور کے درمیان ٹرانزٹ افغان ریلوے کی تعمیر پر سہ فریقی مفاہمت پر عملدرآمد پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقوں نے فنانسنگ میں چینی تعاون کا خیرمقدم کیا اور اس کی حوصلہ افزائی کی اور روسی فیڈریشن کی تکنیکی مدد بشمول سیٹلائٹ امیجری اور ٹوپوگرافک سروے اور تاشقند میں ہونے والی حالیہ میٹنگوں میں اتفاق کیا گیا۔
یہ منصوبہ ازبکستان کو کراچی، بن قاسم اور گوادر کی عرب آبی بندرگاہوں تک بلا تعطل رسائی فراہم کرے گا۔ ریل کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے افغانستان کی تعمیر نو کے لئے لائف لائن سپورٹ فراہم کریں گے اور اس سے افغانستان میں پیدا ہونے والے انسانی بحرانوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔متعلقہ تمام ممالک کے فوکل پرسنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر منصوبے کی تیزی سے پیروی کریں۔