اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید آج (جمعرات کو )کراچی سرکلرٹرین کا افتتاح کریں گے ، جس کے بعد شہری 20 نومبر سے کراچی سٹی سٹیشن سے پپری تک سفر کرسکیں گے۔جمعرات کونجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ سرکلرٹرین کا روٹ مختصراورٹرینوں کی تعدادمحدودکردی گئی ہے ، سرکلر ٹرین کراچی سٹی سٹیشن سے پپری تک چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ 40ٹرینیں تیار کی گئی ہیں جن میں 15 ٹرینیں آج ٹریک پر آرہی ہیں جبکہ 12سٹیشن آج سے فعال ہو جائیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ 14کلومیٹر پر فوری طورپر پھاٹک لگائے جارہے ہیں، سندھ حکومت نے بھی سرکلر ٹرین کے لئے ٹھیکے دیئے ہیں ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سرکلر ٹرین کے لئے12سٹیشنز آج سے فعال ہوجائیں گے ، ایک ٹرین میں 80مسافروں کی گنجائش ہے جبکہ ٹکٹ ٹرین کے اندر سے ملے گا۔ سرکلر ٹرین کا سٹیشن سے سٹیشن تک یک طرفہ کرایہ 50روپے مقررکر دیا گیا ہے۔