وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمدکی ریلوے افسران سے ملاقات کے دوران گفتگو

281

اسلام آباد ۔ 22 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے افسران سے کہا ہے کہ ان کی ترجیح مسافروں کی سہولت اور بہترین ٹرین آپریشن ہونا چاہئے، اس مقصد کیلئے انہیں میری ہر ممکن مدد حاصل ہوگی۔ ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں لاہور ورکشاپ اور ڈویژن کے گریڈ 17 کے افسران کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ نوجوان افسران کھل کر مسائل کی نشاندہی کریں اور ٹرین آپریشن بہتر کرنے کے حوالہ سے جذبہ پیدا کریں، ٹیم ورک بہتر ہو گا تو سروس ڈلیوری میں واضح فرق آئے گا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے اور مسافروں کی بہتری کےلئے آئیڈیاز دیں، ہم ہر سطح پر ریلوے میں بہتری لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے ہیڈکوارٹرز لاہور میں گریڈ 18 اور 19 کے افسران کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ انہوں نے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ لوگ ریلوے کا اثاثہ ہیں، میرا کام آپ کو سپورٹ کرنا اور آپ کا کام پرفارم کرنا ہے ۔ وزیر یلوے نے کہا کہ آپ کی ترجیح مسافروں کی سہولت اور بہترین ٹرین آپریشن ہونا چاہئے، میری جانب سے آپ کو ہرممکن مدد حاصل ہوگی۔