
راولپنڈی 15اپریل(اے پی پی ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پنجہ صاحب آنے والے سکھ یاتریوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی ،آئندہ برس سے سکھ یاتریوں کا کرایہ نصف کر دیا جائے گا ،بابا گرونانک کی 550ویں سالگرہ کے موقع پر یاتریوں کے لیے نیا اسٹیشن قائم کریں گے ،آئندہ برس یاتریوں کے لیے یہاں مہمان خانے بھی قائم کیے جائیں گے ،12نومبر کو جب یاتری پاکستان آئیں گے تو نئے اسٹیشن کا افتتاح ہو گا ،پوری پاکستانی قوم کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کی پاکستانی قوم اور سکھ برادری کے دل آپس میں ملے ہوئے ہیں ،کرتار پور بارڈر کا افتتاح بھی وزیر اعظم عمران خان 12نومبر کو کریں گے اور پاکستان ریلوے بابا گرونانک کی 550ویں سالگرہ کے موقع پرننکانہ صاحب کے نئے ریلوے اسٹیشن کا افتتاح بھی کرے گا ،ننکانہ صاحب ریلوے اسٹیشن کا نام بھی بابا گرونانک ریلوے اسٹیشن رکھا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے بیساکھی تقریب سے واپس جانے والے سکھ یاتریوں کو الوداع کرنے کے موقع پر پنجہ صاحب حسن ابدال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،قبل ازیں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سکھ یاتریوں میں گھل مل گئے اور پنجہ صاحب حسن ابدال میں بیساکھی تہوار کے موقع پر کیے گئے انتظامات بارے استفسار کیا ،سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے حکومت پاکستان کی جانب سے سکھ یاتریوں کے لیے کیے گئے شاندار انتظامات کو سراہا اور کہا کہ وہ پاکستانی قوم اور حکومت کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنھوں نے سکھ برادری کی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں بھرپور تعاون کیا اور انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔