وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا نصیر آباد میں جعفر ایکسپریس دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار

95

اسلام آباد ۔ 17 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں جعفر ایکسپریس دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے،حادثے میں 4 فراد کے جاںبحق ہونے کی اطلاع ہے۔اتوار کو جاری بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس افسوسناک واقعے میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کی جگہ پر ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے جس میں پاکستان ریلوے کا عملہ اور دیگرادارے حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست دہشت گردوں سے سختی سے نمٹے گی اورکسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹرینوں اور مسافروں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کا انتہائی بذدلانہ اقدام ہے اور وہ آسان ہدف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات سے بچنے کے لئے ریاستی اداروں سے مل کر ٹریک پٹرولنگ کو مو¿ثر بنایا جائے گا۔