وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا پریس کانفرنس سے خطاب

160
APP45-05 LAHORE: January 05 - Federal Minister for Railways Sheikh Rashid Ahmad addressing a press conference at Railway Headquarters. APP photo by Rana Imran

لاہور۔5 جنوری(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ذہنی پختگی کیو جہ سے ان کا امریکہ میں نیا مقام بنا ہے ،پاکستان معاشی بحران سے نکلنے جارہا ہے اور ہمارے ریجنل فورسز کے ساتھ بہترین تعلقات قائم ہو رہے ہیں، ریلوے پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کی سمری کی زبانی منظوری لے لی ہے ، رائل پام سے ریلوے کے تین ارب روپے لینے کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے، نجی شعبے کے ساتھ مل کر ریلوے کے اپنے ایف ایم ریڈیوکا آغاز کرنے جارہے ہیں‘ نریندر مودی بدلتے حالات کی وجہ سے پریشان ہے اور وہ کچھ بھی کر سکتا ہے ۔ وہ ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ رائل پام کا قبضہ مل گیا ہے اورقبضہ گروپ کو نکال کر سپریم کورٹ خود آ چکی ہے،2004ءسے ریلو ے کو ایک روپیہ نہیں ملا،ہم نے رائل پام سے تین ارب روپے لینے ہیں ،اس کے لئے عدالت جائیں گے کہ ان کے اکاﺅنٹس سے پےسے وصول کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اچھی خبر ہے کہ ریلوے پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے سمری کی زبانی منظوری لے لی گئی ہے ۔ معاشی طور پر بہت برے حالات ہیں لیکن کرپشن کو ختم کرنا ہے تو یہ اقدام اٹھانا پڑے گا کیونکہ ہم نے ریلوے سے بغیر ٹکٹ سفر کو ختم کرنا ہے ۔ گزشتہ ہفتے ہم نے بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں سے چھ کروڑ اور اس ہفتے تین کروڑ روپے وصول کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رواں ماہ میں ہی انجنوںمیں ٹریکر لگانے کا کام شروع کر دیں گے ۔ ہم نے قوم سے نئے سال میں بیس ٹرینیں چلانے کا وعدہ کیا ہے جس میں دو وی آئی پی اور تین اکانومی کلاس ٹرینیں ہوں گی ، ہم نے کوئی خریداری نہیں کی بلکہ پرانی ٹرینوں کو ٹھیک کر کے بحال کر رہے ہیں ۔ اسی طرح فریٹ میں 15ٹرینیں چلانے کا ہدف مقرر کیا ہے لیکن ہم تعداد بیس کرنے کی کوسش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اب ریلوے کی زمین ہاﺅسنگ سوسائٹی کے لئے فروخت نہیں کی جا سکے گی ، سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق اب لیز لا محدود کی بجائے صرف پانچ سال کے لئے ہو گی ۔ عدالت میں کیس ہونے کیو جہ سے بہت سا کام رکا ہوا تھا لیکن اب فیصلہ ہونے کے بعد ہدایت کی ہے کہ لیز کے حوالے سے ٹینڈر کئے جائیں ۔ انہوںنے کہا کہ دھند کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدو رفت میں تاخیر کے سد باب کے لئے بھی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ ریلوے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر ایف ایم ریڈیو پاکستان ریلوے کا اجراءکرنے جارہا ہے جس پر انٹرٹینمنٹ اور ریلوے سے متعلق خبریں ہوں گی ، ہمارے سالانہ پچاس کروڑ کلائنٹ ہیں جس سے ہمیں آمدن ہونے کی توقع ہے ۔