اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سی پیک کے لئے ریلوے کو ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 25دسمبر کو ایم ایل ون کا آغاز کیا جائے گا ،1700کلومیٹر ٹریک کو ڈبل کرنے سے کراچی سے لاہور کا سفر 8گھنٹے ہوجائے گا ،وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے 12سال پہلے کیے گئے معاہدوں پر حرکت نظر آرہی ہے ،ای سی سی نے پہلی مرتبہ ریلوے کے لئے 25ہزار میٹروں کی منظوری دی ہے ،اب ریلوے کالونیوں میں بجلی چوری رک سکے گی۔وہ جمعہ کو وزیراعظم آفس میں 4نئی ٹرینوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔وفاقی وزیرشیخ رشیداحمد نے کہا کہ ریلوے کے محنت کش مزدورں کی دن رات محنت کے بعد ایک روپیہ اضافی خرچ کیے بغیر آج 4نئی ٹرینوں کااجراءکیا گیا ہے اس طرح پہلے 100دنوں میں پاکستان ریلوے 10ٹرینیں چلانے میں کامیاب ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں وائی فائی کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے،پاکستان ریلوے کے ملازمین کے بچوں نے مفت ٹریکنگ سسٹم تیار کیا ہے جسے تمام ٹرینوں میں لگا کر ٹرینوں میں یومیہ استعمال ہونے والے ڈیزل کی ایوریج کا پتہ چلایا جاسکے گا ۔انہوں نے کہا کہ80 دنوں میں ہم نے ریلوے آمدن میں ڈیڑھ ارب روپے کا اضافہ کیا ہے جنوری 2019تک مزید ٹرینوں اورمال گاڑیوں کا اجراءکیا جائے گا۔