راولپنڈی 09اپریل(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم نے ملک کو آگے لے کر جانا ہے ، آئندہ دوسے تین ماہ بڑے اہم ہیں، اس ملک کو چوروں ڈاکووں نے لوٹا، اربوں روپے لوٹ کر اب باہر بھاگنا چاہتے ہیں، نوازشریف اور شہبازشریف نے جو پیسہ لوٹا ،قوم آج اس کا 7 ارب روپے روزانہ سود ادا کرر ہی ہے ،مولانا فضل الرحمن فاٹا میں الیکشن پر پریشان ہیں،آصف زرداری کا فالودے والا اور شہباز شریف کا ہتھوڑے والا اندر سے ایک ہی ہیں ، لیڈر وہ ہوتا ہے جو عوام میں رہتا ہے، وزیر اعظم عمران خان 27 اپریل کو بیجنگ میں ایم ایل ون منصوبہ پر دستخط کریں گے ،اس منصوبے سے ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روز گار ملے گا اور لاہور کا فاصلہ دوگھنٹے رہ جائے گا، وزیر اعظم عمران خان رواں ماہ میں راولپنڈی کے ماں و بچہ ہسپتال کا افتتاح کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے نے منگل کو انجمن قریشیاں راولپنڈی کی جانب سے اپنے اعزاز میں گئی ضیافت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ تعلیم ہماری شناخت ہونی چاہیے، اس شہر میںجہاں جہاں لفظ ڈھوک آتا ہے وہاں وہاں میں نے بچیوں کے کالج بنا دیئے، نالہ لئی میں سیلاب کو ختم کر نے کے لئے لئی ایکسپریس وے بنا رہے ہیں جس کو 23 کلومیٹر تک وسعت دے دی گئی ہے، شیخ رشید احمد نے کہاکہ جب پہلی دفعہ یونیورسٹی بنائی تو تنقید کی گئی تاھم آج رکشہ چلانے والے کی بچی نے بھی ٹاپ کیا، دو ہزار طلباءبچیوں کیلئے ایک یونیورسٹی بنائی جا رہی ہے ،گورنمنٹ ڈگری کالج سیٹلائیٹ ٹاون کوبھی یونیورسٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، ویمن یونیورسٹی مزید بنے گی، فاطمہ جناح یو نیورسٹی بناتے وقت بھی بڑی تنقید کا سامنا کر ناپڑا، ہم پانچ کالج بنا ئیں گے، ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روزگار اللہ کی مدد سے دوںگا۔صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہاکہ لوگوں کو مہنگی دوائی، مہنگی بجلی ملی پھر بھی عوام عمران خان کے ساتھ ہیں ۔