اسلام آباد ۔ 6 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ق لیگ بطور اتحادی حکومت کے ساتھ ہے کہیں نہیں جا رہی، افواہیں چلتی رہتی ہیں لیکن حکومت کیلئے کوئی مشکلات نہیں ہیں اور وزیراعظم عمران خان اپنی آئینی مدت پوری کریں گے، نیب بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے اور بدعنوان عناصر احتساب سے نہیں بچ سکیں گے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پاکستان پیپلزپارٹی نے مولانا فضل الرحمان کو دھرنے اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) بل پر استعمال کیا، اب فضل الرحمان انہیں استعمال کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکومت گرانے کی اپوزیشن کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی اور وزیراعظم عمران خان اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں سمجھدار لوگ ہیں، سمجھاﺅ تو بات سمجھ جاتے ہیں، اپوزیشن جماعتوں نے جس طرح ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر قانون سازی کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کیا اسی طرح آگے بھی قومی مفادات کے معاملات پر حکومت کا ساتھ دیتی رہیں گی۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ اتحادی جماعتوں اور حکومت کے درمیان اختلافات ہوتے رہتے ہیں، ق لیگ کے تحفظات دور کر لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تبدیلی کے حوالے سے کوئی خبر نہیں ہے، جب تک وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو وزیراعظم عمران خان کا اعتماد حاصل ہے وہ بحیثیت وزیراعلی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔