وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

75

اسلام آباد ۔ 29 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ٹرین مارچ ناکام ہوگیا کیونکہ وہ عوام کو حکومت کے خلاف سڑکوں پر لانے میں ناکام رہے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے والد آصف علی زرداری کو بدعنوانی کے مقدمات سے بچانے کے لئے ٹرین مارچ شروع کیا، مارچ کے لئے پی پی پی کو ایک ٹرین فراہم کی تاہم انہوں نے اسے تباہ کر دیا، وہ اس معاملے پر پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری میں بینظیر بھٹو کے نام کے بغیر کونسل سطح کا انتخاب جیتنے کی بھی صلاحیت نہیں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ نیب کے قوانین میں ترمیم کرنے کے کے حق میں نہیں کیونکہ بیورو نے ملک کے بدعنوان لوگو ںکو بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آج 30 مارچ کو جناح ٹرین سروس شروع کرنے جا رہی ہے جس کا وزیر اعظم عمران خان افتتاح کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسد عمر قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے اپنی تمام ترکوششیں کر رہے ہیں اور وزیراعظم عمران خان ملک کو ترقی پر گامزن کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ پانچ سالوں کے دوران ریلوے کے خسارہ کو ختم کرنے کی اپنی تمام ترکوشش کریں گے، ریلوے نے مسافر ٹرینوں سے 4 سے 5 مہینے کے دوران 4 ارب روپے حاصل کیے ہیں جس کا کریڈٹ ریلوے کے کارکنوں کوجاتا ہے۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ بہتر ہو گئی ہے۔