
اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی اور چیئر مین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے ٹورسٹ سفاری ٹرین کا افتتاح کیا۔ ٹورسٹ سفاری ٹرین کی افتتاحی تقریب گولڑہ ریلوے اسٹیشن پر منعقد ہوئی۔تقریب میں سینیٹر تاج محمد آفریدی، سینیٹر سجاد حسین طوری، مرزا محمد آفریدی، اورنگ زیب اورکزئی، نصیب اللہ بازئی،دلاور خان اور دیگر سیاسی و سماجی افراد کے علاوہ عوام کی بڑی تعدادودیگر شامل ہوئے۔ یہ ٹورسٹ ٹرین ہر اتوار کے روز سیاحوں کو گولڑہ اسٹیشن سے حسن ابدال،اٹک خورد اور اٹک سٹی و گردو نواح کے مقامات کی سیر کرائے گی۔
ٹورسٹ سفاری ٹرین حکومت کی جانب سے مقامی سیاحت کے فروغ کے لیے اہم قدم ہے۔ افتتاحی تقریب ست خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سفاری ٹرین کا تصور اچھا ہے، تفریح اور سیاحت کا ذریعہ بن سکتا ہے ۔ پاکستان ریلوے ایک قیمتی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی اس ٹرین کو لے جایا جائے اور وفاقی وزیر برا ئے ریلوے محمد اعظم خان سواتی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سفاری ٹرین کی بدولت تاریخی و ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی اور سیاحت کے فروغ میں پاکستان ریلوے کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے مستقبل میں بھی ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے جس سے نہ صرف ادارے کو منافع بخش بنایا جائے بلکہ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں مدد ملے ۔سب سے پہلے اعظم سواتی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔یہ پاکستان کے لیے اہم قدم ہے اور ریلویز معیشت کے لیے ایک ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جس کیلئے دن رات محنت کر نے کی ضرورت ہے۔ اس سے پاکستان کے عوام اور معیشت پر بڑا فرق پڑے گا۔۔اعظم خان سواتی نے بتایا کہ فریٹ ٹرین بھی شروع کر رہے ہیں۔
اس سے کم خرچ آمدورفت کی سہولت میسر آیے گی۔ ایک زمانے میں کوئٹہ سے میرے گاوں تک میٹھا پانی بھی ریلوے پہنچاتا تھا۔ریلوے کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔ریلوے کی ترقی کے لئے دعا کرتا ہوں۔وفاقی وزیر اعظم سواتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاریخی گولڑہ ریلوے اسٹیشن سے ٹرین قدیم روٹ پر جائیگی جس سے پاکستان کا ثقافتی و تاریخی ورثہ دیکھنے کو ملے گا۔ہم میں استطاعت موجود ہے۔ ہم نے دنیا کو تبدیل کیا ہے۔ میرا ترجیحی ایجنڈا ہے کہ ریلویز سے بدعنوانی کا خاتمہ کروں۔ریلوے میں زیادہ تر اچھے افسر ہیں تاہم چند کالی بھڑیں ہیں۔ میں چن چن کر ان کالی بھیڑوں کا خاتمہ کروں گا۔ جلد فریٹ ٹرین بھی شروع کریں گے۔
سیاحت وزیراعظم کے دل کے قریب ہے اس لیے آج سفاری ٹرین کا آغاز کیا۔ریلوے جلد سیاحت میں بہت بڑا کردار ادا کرے گا۔آئندہ ہفتے وزیراعظم عمران خان اور سفارت کار بھی یہاں آئیں گے۔ہم چاہتے ہیں کہ دنیا کو علم ہو کہ ریلوے پاکستان کی معیثت اور معاشرت میں کیا کردار ادا کر رہا ہے۔ریلوے مذہبی سیاحت کے فروغ کا اہم زریعہ ہے۔ سکھوں کے لیے پنجہ صاحب تک پہنچانے کے لیے ریلوے سہولیات بڑھائے گا۔ ہر سال 14 سے 15 ہزار سکھ یاتریوں کے لیے ریلوے سہولیات دیگا۔ مختلف ممالک کے سفیروں کو ٹورسٹ ٹرین میں سیر کرائی جائے گی۔ ریلوے کے ذریعے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں تک غیر ملکی سیاحوں کو سیر کرائی جائے گی۔پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے۔ریلوے سیاحت کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا۔