اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی سے فرزندان قائد ملت جعفریہ کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت آغا سید حامد علی شاہ موسوی النجفی رحمہ اللہ کے جانشین آغا سید محمد مرتضیٰ موسوی ایڈووکیٹ نے کی جبکہ وفد میں ممتاز علمائے کرام اور مذہبی شخصیات شامل تھیں۔
ملاقات میں مولانا تصور حسین نقوی (چیئرمین آئمہ مساجد)، مولانا مطلوب تقی (چیئرمین وحدت علمائے پاکستان)، حفاظت علی اقرار زیدی (بانی امام بارگاہ) اور دیگر علمائے کرام و بانیان مجالس شریک تھے۔وفد نے محرم الحرام 1447ھ کے موقع پر عزاداروں، امام بارگاہوں اور ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے زائرین کو درپیش مسائل خصوصاً سکیورٹی، بروقت ٹرین شیڈول، خصوصی ٹرینوں کا بندوبست، سٹیشنز پر صفائی و پانی کی فراہمی جیسے انتظامی امور سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے وفد کی تجاویز کو نہایت سنجیدگی سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے نہ صرف ملک کی اقتصادی شہ رگ ہے بلکہ عوام کی خدمت میں بھی پیش پیش ہے، محرم کے دوران ہماری ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے اور ہم پوری سنجیدگی سے اسے نبھائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے سٹیشنز پر صفائی، پانی، روشنی اور سکیورٹی جیسے تمام انتظامات کے لیے متعلقہ ڈویژنز کو فوری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، ہم علمائے کرام اور بانیان مجالس سے مکمل رابطے میں رہیں گے تاکہ محرم الحرام کے دوران کوئی کوتاہی نہ ہو۔وفد نے وفاقی وزیر کی ذاتی دلچسپی، فوری اقدامات اور سنجیدہ رویے کو سراہا اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت عزاداروں اور عوام کے مذہبی جذبات کا احترام جاری رکھے گی اور حسب روایت اس سال بھی بہترین انتظامات کو یقینی بنائے گی۔