16 C
Islamabad
منگل, مارچ 18, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے متحدہ عرب امارات کے فرسٹ...

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے متحدہ عرب امارات کے فرسٹ سیکرٹری کی ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے فرسٹ سیکرٹری احمد الطحیری نے وزارت ریلوے میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران یو اے ای کے فرسٹ سیکرٹری نے وفاقی وزیر حنیف عباسی کو وزارت ریلوے کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ احمد الطحیری نے کچھی بولان میں پنیر ریلوے اسٹیشن کے قریب دہشت گردوں کی جانب سے جعفر ایکسپریس پر حملے، ٹرین ہائی جیک کرنے اور مسافروں کو یرغمال بنانے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ مسافروں اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مضبوط دو طرفہ تعلقات، خصوصاً ریلوے کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات تمام شعبوں میں مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ احمد الطحیری نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی لازوال ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اخوت اور محبت کا مضبوط رشتہ قائم ہے۔ انہوں نے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ریلویز ملکی اور بین الاقوامی سپلائرز کے ساتھ طویل مدتی معاہدوں کے ذریعے اپنی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وزیر ریلوے نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے اور باہمی اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے ریلوے آپریشنز اور باہمی تجارتی دلچسپی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو جاری رکھنے اور اسے مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573645

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں