راولپنڈی ۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے راولپنڈی ریلوےسٹیشن کا دورہ کیا۔جمعرات کو راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر وفاقی وزیر نے ماڈل انفارمیشن ڈیسک کا افتتاح کیا اور اسٹیشن پر اے ٹی ایم لگانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صفائی، واٹر فلٹریشن پلانٹ کا معائنہ کیا اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) کو ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کھانے پینے کے اسٹالوں اور چھوٹی دکانوں کو ماڈل شاپس میں تبدیل کرنے کا حکم دیا اور اسٹیشن پر درختوں اور پھولوں کی تعداد بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔
مزید برآں انہوں نے ریلوے کے عملے کو قواعد و ضوابط پر عمل کرنے اور مسافروں کے ساتھ احترام کے ساتھ پیش آنے کی ہدایت کی۔حنیف عباسی نے ریلوے کے اثاثوں اور اسٹیشن سے ملحقہ پلاٹوں کا بھی دورہ کیا، پنجاب سپورٹس بورڈ اور پاکستان ریلوے کے تعاون سے 11 ایکڑ پر مشتمل سپورٹس کمپلیکس تیار کرنے کا منصوبہ پیش کیا۔ وفاقی وزیر نے ریلوئے اسٹیشن پر آرمی اسپیشل ڈیسک کا دورہ کیا اور ریلوے پولیس کے اہلکاروں سے ملاقات کی۔
انہوں نے کینٹین کا بھی معائنہ کیا۔ حنیف عباسی نے مسافروں سے ملاقات کرکے ریلوے سروسز کے بارے میں ان کی رائے لی۔وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوئے اسٹیشنز کی ترقی کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے اور عوام کو ان منصوبوں سے جلد آگاہ کیا جائے گا۔اس دورے میں ان کے ہمراہ راولپنڈی کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591024