وفاقی وزیر ریلوے نے ریونیو اور فریٹ ٹرینوں کی تعداد میں اضافے پر انتظامیہ کی کارکردگی کو سرا ہا، آمدن کے ٹارگٹ کو پورا کرنے کی ہدایت

90
National Highway Foundation
National Highway Foundation

لاہور۔22نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے ریونیو اور فریٹ ٹرینوں کی تعداد میں اضافے پر ریلوے انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ آمدن کے ٹارگٹ کو پورا کیا جائے۔ بدھ کو ریلوے ہیڈکوارٹرز میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شاہد اشرف تارڑ نے ریلوے کے زیر انتظام ہسپتالوں کی ان سورسنگ کے پراسیس کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی تاکید کی۔

نگران وزیر کو ریلوے تنصیبات کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبہ پر اپ ڈیٹ بھی دی گئی۔انہوں نے انتظامیہ کو میو گارڈنز سمیت دیگر ریلوے رہائشی یونٹس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے میٹر لگانے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے تجاوزات کے خلاف آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ اس ضمن میں پندرہ روز بعد تمام ڈویژنز سے رپورٹ لی جائے تا کہ معلوم ہو سکے کہ کتنی تجاوزات ختم کی جا چکی ہیں اور آیا کہیں کسی مقام پر دوبارہ انکروچمنٹ تو نہیں ہو گئی۔

وفاقی وزیر ریلوے نے انتظامیہ کو تجاوزات خاتمے کے حوالے سے کارکردگی کو افسران کی پرفارمنس سے لنک کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے حادثات میں کمی پر منیجمنٹ کی کارکردگی کو سراہا اور تمام ڈویژنز میں ٹریک کی مکمل انسپکشن کے عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے احکامات دیئے۔انہیں ریلوے اسٹیشنز پر ایگزیکٹو واش رومز بنانے بارے اپ ڈیٹ سے آگاہ کیا گیا، وفاقی وزیر نے رائل پام کنٹری کلب کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں کلب کی ورکنگ اور دیگر پروفیشنل امور بارے بریف کیا گیا۔