راولپنڈی ۔ 3 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے معاہدے طے پانے کے بعد پاکستانی معیشت بہت جلد بہتری کی جانب گامزن ہو جائے گی اور پاکستان مشکل حالات سے نکل آئے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ شب انجمن تاجران نیو صرافہ بازار کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے بطور مہمان خصوصی خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک کوورثے میں ملے مشکل حالات اور بحران سے نکالنے کے لیے تاریخی فیصلے کر رہی ہے ،ملکی معیشت اس وقت اگرچہ انتہائی مشکل ترین مرحلے سے گذر رہی ہے تاھم امید ہے کہ ملکی معیشت بہت جلد بحال ہو گی ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سابقہ حکمرانوں نے ملکی معیشت تباہ کر کے رکھ دی تاھم سال 2019عمران خان کی کامیابی کا سال ہو گا ۔شیخ رشید نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہاکہ میں نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی ہے اور شہر میں کبھی بھی کسی مافیا کی حمایت نہیں کی ۔انہوںنے کہاکہ میں نے وزیر اعظم سے ماں بچہ ہسپتال کے افتتاح کی درخواست کی ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار 12اپریل کو سٹیشن روڈ گرلز کالج کا افتتاح کریں گے ۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ معاشی بحران کے باوجود ہم نے 24 نئی ٹرینیں چلائی ہیں جبکہ 16مزید ٹرینیں بھی جلد چلائیں گے ۔اس موقع پر انہوں نے انجمن تاجران نیو صرافہ بازار کی اپیل پر صرافہ بازار میں بجلی کے تعطل کے خاتمہ کے لیے نئے ٹرانسفارمرز اور تاریں بھی لگانے کا اعلان کیا ۔پاکستان تحریک انصاف کی قیادت میں اختلافات بارے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک بڑی جماعت ہے اور اس کے خلاف باتیں کوئی سنجیدہ ایشو نہیں ۔بعد ازاں وفاقی وزیر نے انجمن تاجران نیو صرافہ بازار کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=141916