اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ این اے 249 کراچی کے ضمنی الیکشن میں ہماری کارکردگی اچھی نہیں رہی، 1971ء سے لے کر اب تک جتنے بھی الیکشن ہوئے ہیں جیتنے والے کو ہمیشہ متنازع بنا دیا جاتا ہے، ہمیشہ جیتنے والے پر انگلیاں اٹھائی جاتی ہیں اور ہارنے والااعتراضات اٹھاتا ہے۔
جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کون ہارا اور کون جیتا اس کو چھوڑ کر جمہوریت اور پورے پراسس پر سوالات اٹھ رہے ہیں ان کو حل کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو پارلیمنٹ میں آکر لائحہ عمل بنانا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین ہماری پارٹی کے سینئر ترین لیڈر ہیں، ان کے ساتھ جتنے لوگ بھی وزیراعظم سے ملے ہیں ان سب کا یہی سوال تھا کہ انصاف ہونا چاہئے، وزیراعظم عمران خان سب کیلئے یکساں انصاف چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا یہ وطیرہ ہے کہ جو الیکشن یہ جیتے جاتے ہیں وہ ٹھیک ہوتا ہے اور جس میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی سیاست میں ایک خاندانی ناراضگی چل رہی ہے، مریم نواز ایک طرف ہیں اور شہبازشریف اور حمزہ شہباز گروپ دوسری طرف ہیں ۔