وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ سے قزاخستان کے سفیر یرژان کسٹافین کی ملاقات، باہمی تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار

72

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے پاکستان اور قزاخستان کے درمیان مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر جلد ہی تجارتی مرکز ہوگا اور گوادر بندرگاہ کی ترقی کے ذریعے لینڈ لاک ریپبلکس دنیا تک رسائی حاصل کرسکیں گی جس سے پورے خطے میں سماجی و اقتصادی بہتری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قزاخستان کے سفیر یرژان کسٹافین سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں ان سے ملاقات کی۔

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے قزاخستان کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قزاخستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے لئے موجود مواقع پر روشنی ڈالی۔ وفاقی وزیر نےقزاخستان کے ساتھ وسیع البنیاد اور گہرے تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔

آغا حسن بلوچ نے بلوچستان کے معدنی وسائل سے مالا مال ہونے اور وہاں معدنی شعبے کو ترقی دینے کی حکمت عملی کا بھی ذکر کیا۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور قزاخستان کے سفیر نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے لیے مشترکہ تحقیقی کونسل کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے عمل پر تبادلہ خیال کیا جس پر اگلے چند ماہ میں دستخط ہونے کا امکان ہے۔

پاکستان اور قزاخستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نوجوان نسل کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور سائنس اور ٹیکنالوجی ہی مستقبل ہے، اس سلسلے میں الفارابی یونیورسٹی قزاخستان اور نسٹ کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت کا معاملہ بھی پائپ لائن میں ہے۔

آغا حسن بلوچ نے کہا مفاہمتی یادداشت کے بعد مستقبل کے عمل درآمد کا منصوبہ بھی پیش کیا جائے گا تاکہ دونوں ادارے مفاہمتی یادداشت میں تجویز کردہ حکمت عملی پر کام کرسکیں۔ قزاخستان کے سفیر نے وفاقی وزیر کو شاعر مشرق ڈاکٹر محمد اقبال کے فلسفے اور خدمات پر قازقستان میں منعقد ہونے والے ایک بین الاقوامی سیمنار کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے اس سال ایکسپو سینٹر قزاخستان میں ہونے والی تجارتی سمٹ کا بھی ذکر کیا جہاں پاکستانی کمپنیوں نے قزاخستان کی بزنس کمیونٹی کو اپنی مصنوعات کی نمائش کی۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ سائنس اور مختلف اقتصادی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

سفیر نے کہا کہ دنیا کے نقشے پر پاکستان ایک اہم مقام رکھتا ہے اور اس مقام سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے تمام ممکنہ عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سائنسی تحقیق میں تعاون ممالک کی صلاحیتوں میں اضافے کا سنگ بنیاد ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات کے لئے وزیر اعظم کے عزم کی تعریف کی۔

سفیر نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کو سووینئرز پیش کیا۔ وائنٹ سیکرٹری اور ٹیکنکل ایڈوائزر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی زین العابدین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔