
اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم خان سواتی نے کہا کہ کوئی قوم سائنس و ٹیکنالوجی اور تحقیق میں پیشرفت کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی، بہت جلد ملک کے مختلف شہروں میں چھ سائنس پارک قائم اور سائنس و ٹیکنالوجی کیلئے بجٹ میں اضافہ کرینگے، میرٹ کو اولین ترجیح دی جائیگی،تمام اداروں میں نئے لوگ خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر لیں گے،کرپشن ایک ناسور ہے اسے جڑ سے اکھاڑنا ہمارا منشور کا حصہ ہے،ہمیں چین کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان سائنس فانڈیشن کے زیر اہتمام سائنس کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ پاکستان میں یونیسکو کی ڈائریکٹر وائی بیک جنسن گیسٹ وآف آنر تھیں۔