
اسلام آباد ۔ 28 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی محمد اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ پاکستان نے خدمات کی فراہمی کرتے ہوئے جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کے عالمی چیلنجوں کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کر رکھا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوہری توانائی کے عالمی ادارہ ( آئی اے ای اے) کی ویانا آسٹریا میں ہونے والی وزراءکانفرنس برائے جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے شروع سے ہی جلد آغاز کرتے ہوءجوہری سائنس اور ٹیکنالوجی کا پرامن استعمال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 66 سال قبل پاکستان نے آئی اے ای اے کی مدد سے جوہری توانائی ٹیکنالوجی کی متعدد صلاحیتوں کو اپنے عوام کی پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے حقیقی معنوں میں استعمال کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ ترقی پذیر ملک ہونے کے باعث پاکستان کوترقیاتی چیلنجز کا سامنا تھا تاہم پاکستان نے نیوکلیئر سائنس اور ٹیکنالوجی کو خاص طور پر انسانی صحت، خوراک کی حفاظت، توانائی اور صاف ماحول کی دستیابی میں ان ترقیاتی چیلنجوں کو پورا کرنے کے لئے موثر طور پر استعمال کیا۔ اعظم خان سواتی نے کہا کہ توانائی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے بہت کلیدی کام تھا، ملک میں پانچ آپریٹنگ ایٹمی پاور پلانٹس قومی بجلی گرڈ میں قابل اعتماد اور مسابقتی نرخوں پر تقریباً 5 فیصد بجلی فراہم کر رہے ہیں ، مستقبل میں پاکستان کو پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے عوام کے لئے بہت زیادہ خوراک پانی و توانائی کی ضرورت ہے۔