اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی و دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سال کے دوران پاکستان نے دفاعی مصنوعات کی پیداوار میں شاندار پیشرفت کی ہے،حکومت نے دفاعی مصنوعات اورمختلف سازو سامان کی درآمد کی غرض سے جاری این او سی کی تعداد میں 90فیصد کمی کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ”قومی سلامتی میں سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم کا کردار“کے موضوع پر سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سمینار کا اہتمام آئی ایس ایس آئی نے یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے تعاون سے کیا تھا، وفاقی وزیر نے کہا کہ جب تین سال قبل وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت قائم ہوئی تو مخصوص مدت کے دوران دفاعی سازوسامان کی درآمد کیلئے ایک ہزار این او سیز جاری کئے گئے جبکہ ہماری وزارت نے یہ این او سیز 100تک محدود کر دیئے ہیں کیونکہ ہمیں مکمل یقین ہے کہ پاکستان نے مقامی سطح پر زیادہ تر مصنوعات تیار کرنیکی صلاحیت حاصل کی ہے۔