اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے تمام قائدین نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں حکومت کی بجائے قومی اداروں پر وار کیا ہے، عوام نے 2018ءانتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حق میں اپنا فیصلہ سنایا تھا ادارے کس طرح اسے تبدیل کرتے، اپوزیشن کمزور موقف پر کھڑی ہے، وہ حکومت کے خلاف تحریک نہیں چلا سکتی، مولانا فضل الرحمان کا بیانیہ ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے انہیں اسمبلی لایا جائے، یہ پہلی حکومت ہے جو ان کے بغیر زبردست چل رہی ہے، وزیراعظم عمران خان بدعنوان عناصر سے احتساب کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، لوگوں کو آصف علی زرداری، بلاول بھٹو، شہباز شریف اور نواز شریف سے کوئی ہمدردی نہیں، لوگ اب بھی وزیراعظم عمران خان کو امیدوں کا مرکز سمجھتے ہیں۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں حکومت کے خلاف احتجاج اور اے پی سی کرنا اپوزیشن کا حق ہے لیکن اپوزیشن کے پاس حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے اور نہ ہی عوام کو ان پر اعتماد ہے، اپوزیشن کی اے پی سی میڈیا کیلئے رونق لگانے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو وزیراعظم عمران خان پر پورا یقین ہے کہ وہی ان کے مسائل حل کریں گے، لوگ نواز شریف، آصف علی زرداری، بلاول بھٹو یا شہباز شریف کو عمران خان کے متبادل نہیں سمجھتے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آج نواز شریف کی صحت سے متعلق میرا موقف درست ثابت ہوا ہے کہ وہ بیمار نہیں ہیں، وہ مکمل طور پر صحت یاب اور ہشاش بشاش ہیں، نواز شریف نے اے پی سی میں اپنی تقریر وہیں سے شروع کی جہاں وہ چھوڑ کر گئے تھے، ان کا بیانیہ اداروں کے خلاف ہے، تقریر سے نواز شریف کی ساکھ کو مزید نقصان پہنچا ہے اور وہ ایک بار پھر عوام کے سامنے بے نقاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب اقتدار میں ہوں تو تمام ادارے ٹھیک ہیں مگر جب یہ اقتدار سے باہر ہوں توجمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن عوام کا اعتماد کھو چکی ہیں، دونوں جماعتیں میرج ہال بھرنے کی پوزیشن میں بھی نہیں ہیں، مولانا فضل الرحمان کو اسمبلی سے باہر رہ کر رات کو نیند نہیں آتی، وہ اسمبلی میں واپس آنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور وہ مدارس کے بچوں کو حکومت کے خلاف تحریک میں استعمال کر سکتے ہیں جسطرح انہوں نے پہلے کیا تھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) قانون سازی میں بھی اپوزیشن ساری اکٹھی تھی لیکن پھر بھی اسے شکست ہوئی، آئندہ بھی اپوزیشن جماعتیں اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں چاہتی ہیں کہ ان کے قائدین کے بدعنوانی کیسز ختم کئے جائیں، کرپشن اور احتساب کے معاملے کے علاوہ حکومت ہر مسئلے پر اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے، پی ٹی آئی حکومت بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے نعرے کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے اسلئے احتساب کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ نواز شریف کی اے پی سی میں وڈیو لنک کے ذریعے تقریر دکھانے سے ثابت ہو گیا ہے کہ ملک میں میڈیا پر کسی قسم کی سنسرشپ نہیں ہے اور میڈیا کو مکمل آزادی حاصل ہے۔