وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کانوشکی کے بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، متعلقہ حکام کو نقصانات کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

101

کوئٹہ۔7جولائی (اے پی پی):بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی آغاحسن بلوچ نےنوشکی میں بارش سے متاثرہ کلی جورکین کےعلاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن میر خورشید احمد جمالدینی، بی این پی کوئٹہ کے رہنما اسد سفیر شاہوانی اور بی این پی نوشکی کے ضلعی عہدیداررمضان بلوچ، حاجی منیر احمد مینگل، لیاقت علی ایڈووکیٹ، صاحب خان مینگل، ڈاکٹر محمد عمر ماندائی کے علاوہ ڈپٹی کمشنر نوشکی خالد خرم اور میجر بہرام خان مینگل بھی موجود تھے۔

بی این پی جورکین سے نو منتخب کونسلر مسعود احمد جمالدینی کی نشاندہی پر وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ،ہائی سکول جورکین پہنچنے پرہیڈماسٹر بشیر احمد نے وفاقی وزیر اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا ۔

انہوں نے طوفان سے سکول کی منہدم شدہ چاردیواری کا معائنہ کروایا اور واٹر ٹینک و سولر پلیٹس کے ٹوٹنے سے متعلق بریفنگ دی۔ عوامی نمائندوں اورکلی کے افراد نے رہائشی مکانات اور ان کی چاردیواریوں کے منہدم ہونے،کیسکو کے کھمبوں کے متاثر ہونے، سڑکوں کےمتاثر ہونے، آبنوشی سکیم کے سولر پلیٹوں کے ٹوٹنے کی وجہ سے پینے کے پانی کا ناپید ہونا اور سب سے بڑھ کر زمینداروں کے سولر پلیٹوں کے ٹوٹنے اور تیار فصلیں زیر آب آنے کی وجہ سے علاقے کو آفت زدہ قرار دینے اور فوری طور پر امدادی سامان پہنچانےکی اپیل کیا۔

وفاقی وزیر نے ڈپٹی کمشنر نوشکی خالد خرم کو فوری طور پر تمام محکموں کے ضلعی سربراہان کو طلب کر کے انہیں متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور نقصانات کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تاکہ فوری طور پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سےمتاثرین کو مددمل سکے۔ وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے متاثرہ افراد کو یقین دلایا کہ جلد ہی آبنوشی سکیم کو فعال کیا جائے گا اور دیگر نقصانات کے ازالے کی ہر ممکن کوشش کی جائےگی، کیونکہ عوام کو بنیادی ریلیف دینا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

وفاقی وزیر نے ہیڈماسٹر بشیر احمد کو یقین دلایا کہ سکول کی چاردیواری کے متاثرہ حصے کی جلد تعمیر ہہوجائےگی، وفاقی وزیر نے سکول کے لئے مکمل سولر پینل سسٹم، 10 عدد پنکھے اور 2 عدد کمپیوٹر کا بھی اعلان کیا۔ہیڈماسٹر بشیر احمد نے سکول کے لئے درج بالا سامان کے اعلان کرنے پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔