اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و ترقی اسانی وسائل ساجد حسین طوری سے پاکستان میں عراقی سفیر حامد لفتا نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی جس میں فریقین نے دو طرفہ تعلقات اور پاکستانی زائرین بالخصوص عراق میں پھنسے ہوئے زائرین کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے جامع زیارات پالیسی، عراق میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع اور پاکستانی افرادی قوت کو عراق بھیجنے اور غیر قانونی امیگریشن کو روکنے کے لیے دو طرفہ تعاون بڑھانے کے لیے جلد ایم او یو پر دستخط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے عراق کی مختلف جیلوں میں معمولی جرائم اور دستاویزات کی کمی کے باعث قید پاکستانیوں کا معاملہ بھی اٹھایا اور ان کی جلد رہائی کا مطالبہ کیا۔ عراقی سفیر نے وفاقی وزیر کو حج پالیسی کو حتمی شکل دینے اور پاکستانی افرادی قوت عراق برآمد کرنے کے لیے فروری میں عراق کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ فریقین نے نیک خواہشات کا تبادلہ کیا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی۔