اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر دیدی فیصل نے وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، ملائیشیا میں پاکستانیوں کے لئے روزگار کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملائیشیا کے ہائی کمشنر کا وفاقی وزیر کے دفتر پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ملاقات میں وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے باہمی تعلقات مضبوط ثقافتی اور مذہبی اقدار پر مبنی ہیں جنہیں پاکستان اور اس کے عوام بہت اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل دنیا بھر میں سمندر پار پاکستانیوں کو ہر قسم کی سہولیات اور خدمات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اور اقدامات کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملائیشیا میں مقیم پاکستانی اور وہاں زیر تعلیم طلباء وہاں کی حکومت اور عوام کی مہمان نوازی سے بہت خوش ہیں۔ انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ ملائشیا میں زیادہ سے زیادہ ہنر مند پاکستانیوں کے لئے روزگار کے مواقع مل سکیں۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ بیرون ممالک پاکستانی افرادی قوت کی ترقی کے لئے وزارت سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی کوششیں قابل ستائش ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بہت اہمیت کا حامل ہے۔وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے ہائی کمشنر کو شیلڈ بھی پیش کی اور ان کی سفارتی خدمات کو سراہا۔