وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری سے ترک وزیر توانائی و قدرتی وسائل کی ملاقات

144
Owais Ahmed Khan Leghari
Owais Ahmed Khan Leghari

اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے ترک وزیر توانائی و قدرتی وسائل آلمپارسلان بیئریکٹر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ترک وزیر توانائی نے ترکیہ میں بجلی کے تقسیم کار نظام کے پرائیویٹائزیشن کے عمل اور اس کے موجودہ خدوخال سے متعلق آگاہ کیا ۔

انہوں نے ترک کمپنیوں کی طرف سے پاکستان میں جاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے پرائیویٹائزیشن کے عمل میں دلچسپی اور ترکیہ میں رواں سال روڈ شو کرنے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ سردار اویس لغاری نے ترک وزیر توانائی کا ترکیہ کے پرائیویٹائزیشن کے عمل اور اس کے تکنیکی نکات بارے تفصیلی بریفنگ پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے وفد کو پاکستان میں جاری نجکاری کے عمل بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نجکاری کے عمل کو شفاف طریقے سے مکمل کرنے کیلئے فنانشل ایڈوائزر کی تقرری کردی گئی ہے جن کی طرف سے اس سال جولائی تک جامع تجاویز آنے کے امکانات ہیں ،اس ضمن میں کئی روڈ شو بھی پلان کئے جائیں گے جس میں ترکیہ بھی شامل ہے ۔

وفاقی وزیر اویس لغاری نے ترکیہ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں نئے منصوبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا جبکہ ترک وزیر نے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے تکنیکی مہارت اور سرمایہ کاری فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں مضبوط اور پائیدار شراکت داری قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔