وفاقی وزیر سردار ایاز صادق سے قزاخستان کے سفیر کی ملاقات

104
وفاقی وزیر سردار ایاز صادق سے قزاخستان کے سفیر کی ملاقات

سلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق سے پاکستان میں قزاخستان کے سفیر یرژان کِسٹافن نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔وفاقی وزیرنے قزاخستان کے سفیر کا وزارت آمد پرپرتپاک استقبال کیا۔یرژان کستافین نے قزاخستان کے ساتھ پاکستان کے قریبی دوستانہ تعلقات کو سراہا اور تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں باہمی خیر سگالی اور افہام و تفہیم کی بنیاد پر تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہارکیا۔

قزاخستان کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی خوشگوار تعلقات کو بھی سراہا۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے امکانات کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہاکہ قزاخستان کے صدر کے آئندہ دورہ پاکستان میں متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہونے جا رہے ہیں، انہوں نے وفاقی وزیر کو پاکستان کے ساتھ قزاخستان کے فوجی اور تکنیکی تعاون کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا ایک امید افزا شعبہ ہے۔

سردار ایاز صاد ق نے قزاخستان کے سفیرکوحکومت پاکستان کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وفاقی وزیرنےپاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے فریم ورک معاہدوں پر حکومت سے حکومت کے درمیان بات چیت کرنے پر زور دیا۔