وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کا بینک کے ساتویں سالانہ اجلاس سے ورچوئل خطاب

153

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی )کوپاکستان میں پائیدار بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے یہ بات بینک کے ساتویں سالانہ اجلاس سے اپنے ورچوئل خطاب میں کہی۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کے لیے اے آئی آئی بی کے تعاون کا اعتراف کیا اور اے آئی آئی بی کو تقریب کی میزبانی پر مبارکباد دی۔

وزیر اقتصادی امور نے شرکاء کوپاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے حالانکہ پاکستان کا عالمی گرین ہائوس گیسز کے اخراج میں 1 فیصد سے بھی کم حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تعمیر نو اور دوبارہ آبادکاری کے کاموں کے لیے بینک کوپاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ سردارایازصادق نے ملک میں پائیدار بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر میں بینک کی معاونت پر زور دیا۔